جے آئی ٹی کی تحقیقا ت مکمل 2506افغانیوں کے پاسپورٹ جعلی

جے آئی ٹی کی تحقیقا ت مکمل   2506افغانیوں کے پاسپورٹ جعلی

اسلام آباد (آئی این پی )جوائنٹ ٹاسک فورس نے 12 ہزار افغانیوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق جوائنٹ ٹاسک فورس نے اس حوالے سے ایک سال سے زائد عرصے کی تحقیقات کے بعد رپورٹ تیار کرکے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پیش کردی ۔

رپورٹ کے مطابق جعلی پاسپورٹس کی تعداد 2506، تصاویر تبدیلی اور ڈیٹا تبدیلی والے پاسپورٹس کی تعداد 1652،ایکٹو پاسپورٹس کی تعداد 7613 اور مینول پاسپورٹس کی تعداد 50 ہے ۔ نادرا اور پاسپورٹ ملازمین کے خلاف مجموعی طور پر پورے ملک میں 32 مقدمات درج ہوئے اور 40 افراد گرفتار ہوئے ۔ نادرا کے خلاف 34 انکو ائریاں ہوئیں جن میں سے 24 مقدمات درج ہوئے اور 22 گرفتاریاں ہوئیں ۔ اسلام آباد سی ٹی ڈبلیو میں سب سے زیادہ 11 مقدمات درج ہوئے ، پشاور میں 10 لاہور میں دو اور کراچی میں صرف ایک مقدمہ درج ہوا۔ ان مقدمات میں نامزد ملزموں نے بھاری رشوتوں کے عوض سینکڑوں جعلی شناختی کارڈز کا اجرا کیا اور جن کی بنیاد پر افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کر دئیے گئے ۔ پاسپورٹ اینڈا میگریشن کے حوالے سے 37 شکایتیں موصول ہوئیں اور غیر پاکستانیوں کو تمام صوبوں سے 8101 پاکستانی پاسپورٹ جاری کئے گئے ۔ اس حوالے سے 8 مقدمات درج ہوئے ان میں سے چھ سی ٹی ڈبلیو اسلام آباد میں اور دو پشاور میں درج ہوئے ۔ ایف آئی اے کے تین اہلکاروں کو اس دھندے میں ملوث ہونے کے شبہ میں اسلام آباد سے ٹرانسفر کر دیا گیا اور ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں