اظہر مشوانی کے دو لاپتا بھائیوں کو عدالت پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ اظہر مشوانی کے دو لاپتا بھائیوں پروفیسرمظہر الحسن اور پروفیسر ظہور الحسن کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگر اظہر مشوانی کے بھائیوں کے خلاف کوئی کیس ہے تو ٹرائل کریں۔
ہم نوٹس جاری کر کے آئندہ سماعت پر مغویوں کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہیں، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ملک شریعت کے مطابق ہی چلنا چاہیے توپھر ان معاملات میں بھی شریعت کے مطابق ہی چلائیں نا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران دونوں لاپتا بھائیوں کے والد کی طرف سے وکیل بابر اعوان اور آمنہ علی عدالت کے سامنے پیش ہوئے ۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ یہاں جو زیادہ گالی دیتا ہے زیادہ بدزبان ہے جو زیادہ بد تہذیبی کرے گا وہ آگے آتا ہے ،بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہاکہ لاپتا دونوں بھائیوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،عدالت نے اظہر مشوانی کے بھائیوں کو 13 اگست تک بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 13 اگست تک ملتوی کردی۔