پاک بحریہ کی کمانڈاینڈسٹاف کانفرنس،خطے کی صورتحال پرغور
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی، کانفرنس کی صدارت نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کی،ترجمان کے مطابق فورم میں شمالی بحیرہ عرب اور خلیج عدن میں بحری صورتحال کا جائزہ اور خطے سے گزرنے والی قومی سمندری تجارت کے تحفظ اور سلامتی کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
کانفرنس کے دوران جیو اسٹریٹجک ماحول، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اوراہلکاروں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف کو پاک بحریہ کے حالیہ اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی جامع بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف نے جنگی تیاریوں اور میری ٹائم ڈومین میں پاک بحریہ کے اہم کردار پر اعتماد کا اظہار کیا، پاک بحریہ کے سربراہ نے میری ٹائم سکیورٹی کو مضبوط بنانے اور جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا تاکہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا موثر طریقے سے جواب دیاجا سکے ۔ انہوں نے میری ٹائم ڈومین میں جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مقامی ذرائع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے منفرد اور نئی صلاحیتوں کے حصول پر زور دیا۔کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس پاکستان نیوی کا اہم فیصلہ ساز ادارہ ہے جس میں چیف آف دی نیول سٹاف کے ساتھ تمام پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاکستان نیوی کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔