راولپنڈی:اڈ یالہ جیل کے 2سابق افسر زیر حراست،عمران خان کی سہولت کاری پر پوچھ گچھ شروع

راولپنڈی:اڈ یالہ جیل کے 2سابق افسر زیر حراست،عمران خان کی سہولت کاری پر پوچھ گچھ شروع

راولپنڈی (خبر نگار سے )سابق وزیراعظم عمران خان کیساتھ سہولت کاری کے الزام میں حساس ادارے کی جانب سے تحقیقات تیز کر دی گئی ہیں ۔ جیل کے دو سابق افسروں کو تحویل میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

دونوں افسروں پر جیل مینوئل سے ہٹ کر سہولیات فراہم کرنے کا الزام ہے ۔تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اور اسسٹنٹ بلال کو بیس جون کو عہدے سے ہٹا کر آئی جی آفس جیل خانہ جات رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا تھا ۔ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اڈیالہ جیل کی کالونی میں ہی رہائش پذیر تھے ۔سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم پر بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام تھا، حساس ادارے کی جانب سے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ  محمد اکرم اور اسسٹنٹ بلال کے کردار کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔تحقیقات کے بعدسابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم ، اسسٹنٹ بلال کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی سپر ویژن پر تعینات تھے ۔ ان کو براہ راست ان کے سیل تک رسائی حاصل تھی ۔

ذرائع کے مطابق ان دونوں افسروں سے بانی پی ٹی آئی کیساتھ رابطوں کی نوعیت جیل مینوئل سے ہٹ کر سہولیات کی فراہمی اور دیگر رابطوں سے متعلق سوالات کئے گئے ہیں ۔محکمہ جیل خانہ جات نے اس حوالے سے کوئی بھی موقف جاری نہیں کیا ۔واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی غیر ملکی جریدے میں شائع شدہ تحریر کے بعد اس معاملہ پر بھی تحقیقات جاری تھیں ۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے سابق اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال سے پوچھ گچھ مکمل کر لی، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال کا موبائل فون ریکارڈ حاصل کر لیا۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کوکمرہ عدالت میں دوران سماعت بانی پی ٹی آئی سے سرگوشیاں کرتے بھی دیکھا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوںسابق افسروں پر بانی پی ٹی آئی کو موبائل رسائی دینے کا الزام بھی ہے ۔ایک ماہ قبل بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں عدالت میں مقدمہ کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے سیل میں ایک بلی آتی ہے جو مجھ سے مانوس ہو گئی اور اس کو کھانا دیتا ہوں لیکن اب سنا ہے اس کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ دنیا نیوز نے چند دن قبل اڈیالہ جیل کے مرکزی داخلی گیٹ نمبر پانچ کی سکیو رٹی میں خامیوں کے حوالے سے بھی رپورٹ شائع کی تھی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں