انتخابی عذرداریاں،377 پٹیشن میں سے صرف 25 کا فیصلہ:فافن

انتخابی عذرداریاں،377 پٹیشن  میں سے صرف 25 کا فیصلہ:فافن

اسلام آباد (دنیا نیوز ، آئی این پی )فافن کی جانب سے ملک بھر میں ٹربیونلز کی اب تک کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی ۔

فافن رپورٹ کے مطابق 23 میں سے 11 ٹربیونلز نے 377 انتخابی پٹیشنز میں سے 25 کو نمٹا دیا، 25 پٹیشنز میں سے چار قومی اسمبلی جبکہ 21 صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے متعلق ہیں، پنجاب میں چھ ٹربیونلز اب بھی غیر فعال ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سست رفتاری کے باعث پٹیشن 180 روزہ قانونی مدت کی تاریخ سے باہر رہ سکتی ہے ، قانونی طور پر پٹیشن 45 روز کے اندر دائر جبکہ 180 روز میں نمٹائی جانا لازمی ہے ، اگست 2023 میں ترامیم کے ذریعے پارلیمنٹ نے درخواستیں نمٹانے کی مدت 120 دن سے بڑھا کر 180 دن کر دی۔فافن نے رپورٹ میں بتایا کہ الیکشن کمیشن اور لاہور ہائیکورٹ کے درمیان طویل قانونی تشریحی اختلافات سمیت متعدد عوامل کی وجہ سے ٹربیونلز غیر فعال ہیں، پنجاب میں ٹربیونلز کی جاری کارروائیاں قانون کی روح کی عکاسی نہیں کرتیں۔رپورٹ کے مطابق پنجاب میں چھ ٹربیونلز غیر فعال ہیں، پنجاب کے آٹھ ٹربیونلز کے پاس مجموعی طور پر 157 انتخابی درخواستیں ہیں، اب تک صرف 226 درخواستوں کی کاپیاں حاصل کی گئی ہیں، 44 درخواستوں کو کاز لسٹ کے ذریعے ٹریک نہیں کیا جا سکا۔فافن نے رپورٹ میں بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک ٹربیونلز کے سامنے دائر درخواستوں کی صحیح تعداد اور ذیلی تفصیلات بھی ظاہر نہیں کیں، عام انتخابات 2013 کے بعد نتائج کی 385 درخواستوں پر فیصلہ کرنے کے لئے 14 ٹربیونلز قائم کئے ۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ عام انتخابات 2018 کے بعد 300 درخواستوں پر فیصلہ کرنے کے لئے 20 ٹربیونلز قائم کئے گئے تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں