پائلٹ آفیسرراشد منہاس کا یوم شہادت آج، عسکری قیادت کا خراج عقیدت

پائلٹ آفیسرراشد منہاس  کا یوم شہادت آج، عسکری  قیادت کا خراج عقیدت

راولپنڈی (اے پی پی)ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کی 53ویں برسی کے موقع پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس پاکستان کی تاریخ کے سنہرے باب میں جرات اور قربانی کی لازوال مثال کے طور پر ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، اور سروسز چیفس نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن 20اگست 1971 کوپائلٹ آفیسر راشد منہاس نے دفاع وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی ناقابل تسخیر بہادری اور دفاع پاکستان کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم اس قومی ہیرو کی یاد میں ان کی بے مثال قربانی کو یاد کرتے ہیں جو ہماری مسلح افواج کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے اور ان کی غیرمتزلزل وابستگی کا مظہر ہے ۔ پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی قربانی ہمیشہ ہماری اجتماعی یاد کا حصہ رہے گی، آنے والی نسلوں کو ان کی مثالی جرات اور وفاداری یاد رہے گی،پاکستان کی مسلح افواج کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی غیرمعمولی جرات، وطن کے ساتھ پختہ وفاداری، اور فرض شناسی کو سلام پیش کرتے ہوئے ان سے حوصلہ حاصل کرتی ہیں اور عزم کرتی ہیں کہ ان اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ مہارت اور ہمارے عظیم ملک کے ساتھ وابستگی کو برقرار رکھیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں