تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں:بیرسٹر گوہر

تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں:بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ تمام مشکلات کے باوجود ہمارے ارکان اسمبلی متحد ہیں، تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔

 الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرخان کا کہنا تھا کہ ہم نے تیسری مرتبہ انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد آٹھ مارچ کو دستاویزات الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائی تھیں، آج تک ہمیں سرٹیفکیٹ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 39 ارکان کو پی ٹی آئی ایم این ایز ڈیکلیئر کرنے کا حکم دیا، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رہنمائی مانگی ہے کہ پہلے وہ فیصلہ آ جائے ، امید ہے سپریم کورٹ اپنا حکم اور واضح کر دے گی۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ملک میں بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔ملک میں مارشل لا لگا ہوا ہے ۔اسٹیبلشمنٹ پورے ملک کا نظام چلا رہی ہے ۔حکمران اتحاد کھوکھلا ہے ۔پاکستان میں احتجاجی تحریک شروع کی تو پاکستان کا اقتصادی اور معاشی نظام مکمل طور پر تباہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی عوام نے جس غیرت کا مظاہرہ کیا ہے اگر پاکستان کے نصف لوگ بھی اس کے برابر کر لیں تو پورے ملک کا نظام تبدیل ہو جائے گا۔لوگوں کی قوت مدافعت اب جواب دے گئی ہے ۔پورے ملک میں اب شدید احتجاج ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں