لاہور:رات گئے موسلادھار بارش ، سڑکیں ڈوب گئیں ، بجلی بند

لاہور:رات گئے موسلادھار بارش ، سڑکیں ڈوب گئیں ، بجلی بند

لاہور،ژوب ،کوہستان (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)پنجاب کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث پی ڈی ایم اے نے دریاؤں میں طغیانی سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ،لاہو رمیں موسلادھا ر بارش نے جل تھل ایک کردیا۔

ژوب ،اپرکوہستان اورہری پورمیں مختلف حادثات میں 2فوجی اہلکاروں سمیت 6افرادجاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے ،بارشوں کا سپیل کل تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے جبکہ پنجاب کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے ۔ لاہور میں گزشتہ روز دوپہر اور رات گئے شدید بارش ہوئی جس سے کئی سڑکیں اور گلیاں زیر آب آگئیں،بارش کا پانی گھروں میں گھس گیا اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک شدید متاثر ہوئی ۔ شدیدبارش کے باعث لیسکو کے کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے اور مختلف علاقوں میں بجلی بند ہوگئی ۔بلوچستان کے ضلع ژوب کی تحصیل کاکڑ خراسان کے علاقے کیشتو میں بارش کے دوران صمد خان مردانزئی نامی شخص کے دو بچے برساتی ندی میں بہہ کر جاں بحق ہو گئے ،علاقے کے لوگوں نے لاشوں کو ندی سے نکال لیا۔ جعفرآباد اور نصیر آباد میں متاثرین کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں ،جھل مگسی میں رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، قلعہ عبداللہ کی ماچکہ ندی بپھر گئی جس سے باغات،فصلیں اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا ۔قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں کئی سڑکیں، پْل اور گھربہہ گئے ۔ ریسکیو 1122 اپر کوہستان کے مطابق راولپنڈی سے گلگت جانے والی نیٹکو بس پر اپر کوہستان کے علاقے شکریت نالہ کے مقام پر پہاڑ سے بھاری پتھر آ گرا ،حادثے کے نتیجے میں گلگت بلتسان کے رہائشی دو آرمی اہلکار امتیاز حسین ،راولپنڈی کا رہائشی سلطان محمود جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ہری پور ریلوے پل پر آسمانی بجلی گرنے سے 25 سالہ نوجوان راجہ وقاص جاں بحق ہو گیا ،نوجوان کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی اور وہ ایک بچی کا باپ تھا۔باجوڑ کے علاقے چمیار میں بارش سے 2گھروں کی چھتیں گرگئیں جس سے 2افرادزخمی ہوگئے ، اپر دیر میں پتراک کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کمراٹ روڈ تاحال بند ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں