عدلیہ تباہ کرنیکی کوشش کی تو سڑکوں پر احتجاج کرینگے :عمران

عدلیہ تباہ کرنیکی کوشش کی تو سڑکوں پر احتجاج کرینگے :عمران

راولپنڈی(خبر نگار )بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تو سڑکوں پر احتجاج کریں گے ۔پوری گیم کھیلی جا رہی ہے ، احتساب عدالت اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ نیب نے القادر یونیورسٹی کے عطیات بند کروا دیئے ۔

یونیورسٹی میں 100 فیصد طلبہ مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ یہ چاہتے ہیں کہ القادر یونیورسٹی بند ہو جائے ،یونیورسٹی بند ہونے کا مجھے نہیں طلبہ کو نقصان ہوگا ۔ شوکت خانم ہسپتال بھی اگر بند ہوتا ہے تو لوگوں کو 10 گنا مہنگا کینسر علاج کروانا پڑے گا ۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ڈھائی ماہ سے چیف جسٹس نیب ترامیم کیس کا محفوظ فیصلہ نہیں سنا رہے ۔190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا ہونے کے بعد میں ترامیم کیس کا فیصلہ سنایا جائے گا ۔نواز شریف کے چار ،شہباز شریف کے پانچ ،زرداری اور فرنٹ مینوں کے نو ریفرنسز منجمد پڑے ہیں ۔محسن نقوی کو وزیر داخلہ اور کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنادیا گیا ۔انہوں نے کرکٹ کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا ۔ایسا کون سا ایٹم بم پھٹا کہ 3 سال میں ہماری کرکٹ بنگلہ دیش سے نیچے اور تباہ ہو گئی۔رمیز راجہ میرا رشتہ دار نہیں تھا ایک پروفیشنل کرکٹر تھا جسے میں نے چیئرمین پی سی بی بنایا ۔دبئی لیکس میں محسن نقوی کی بیوی کے پانچ ملین ڈالر سامنے آئے ، کہاں سے آیا وہ پیسہ؟ ۔

اب یہ سپریم کورٹ پر حملہ کر رہے ہیں ،جب بھی انہوں نے سپریم کورٹ کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہم ملک بھر میں تحریک شروع کریں گے ۔بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں کو مخاطب کر تے ہو ئے کہا کہ میں جو بات جیل میں کرتا ہوں وہ شائع نہیں ہوتی، ان صحافیوں کو کوئی اور ڈیکٹیٹ کرتا ہے جس پر صحافی نے کہا کہ آپ درست نہیں کہہ رہے ، بانی پی ٹی آئی نے کہا بعض خاص باتیں میری گفتگو سے کاٹ دی جاتی ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے جیل میں اپنے شب و روز کا طویل عرصے بعد ذکر کر تے ہو ئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میں ایک دن بھی جیل میں ہسپتال نہیں رہا ۔نواز شریف، شہباز شریف اور آصف علی زرداری کو ایئر کنڈیشن کمرے اور اٹیچ باتھ دیئے گئے تھے ۔قیدی میرے لیے کھانا بناتا ہے میں نے کبھی کوئی شکایت نہیں کی ۔ایک ہفتے میں صرف تین لوگوں کو مجھ سے ملنے کی اجازت دی جاتی ہے ۔گرمی کی وجہ سے سیل اوون بن جاتا ہے ۔14 ماہ گزرنے کے بعد بچوں سے بات کروائی گئی جو تکلیف دہ ہے ۔ پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا جاتا ہے کہ فائیو سٹار سہولیات دی گئی ہیں ۔مجھے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے صرف ایک گھنٹہ تیس منٹ سیل سے باہر نکالا جاتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں