سرکاری وکیل کو لاہور کی جیلوں میں اموات، تشدد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری وکیل کو لاہور کی جیلوں میں اموات اور تشدد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے جیلوں میں قید ملزمان کو سہولیات فراہم کرنے اور ملزمان پر تشدد کے خلاف آمنہ ریاض کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ معاملہ بہت سادہ سا ہے جس پر چیف جسٹس نے جواب دیا کہ یہ معاملہ سادہ نہیں بلکہ بہت اہم ہے۔
چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ لاہور کی جیلوں کا بتائیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ لاہور میں جتنی بھی سیاسی گرفتاریاں ہوئیں لیڈر شپ کے منہ پر کالے کپڑے ڈال کر پیش کیا جاتا، لوگوں پر تشدد کیا گیا اس کا ریکارڈ درخواست کے ساتھ لف ہے۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو لاہور کی جیلوں میں اموات اور تشدد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔