یوم دفاع آج ،فوج ہرچیلنج کے جواب کیلئے تیار:صدر، وزیراعظم
لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں)ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا پاکستان آج 6ستمبر کو ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا ،نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی اور اتحاد کے لئے دعائیں مانگی جائیں گی۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی سے ہوگا، بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒکے مزار پر گارڈز کی تبدیلی سمیت ملک بھر میں خصوصی تقاریب ہوں گی،جی ایچ کیو میں ہونے والی مرکزی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان، کئی ممالک کے سفرا اور ارکان اسمبلی بھی شریک ہوں گے ۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے 1965 کی جنگ میں پاک فوج کی تاریخی فتح پر فخر کا اظہار کیا ہے ،انہوں نے کہا یہ دن قوم کے ناقابل تسخیر عزم اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے ، جنہوں نے دشمن کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور مادر وطن کا کامیابی سے دفاع کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا یہ دن ہمیں اپنی خودمختاری کے دفاع کی جانب غیر متزلزل قومی عزم کی یاد دلاتا ہے ، میں اس سرزمین کے ان بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کا دشمن کا خواب چکنا چور کر دیا، ہماری مسلح افواج قومی خودمختاری اور ملکی سالمیت کو درپیش کسی بھی چیلنج کا جواب دینے کیلئے چوکس اور ہمہ وقت تیار ہیں، ہماری افواج مناسب دفاعی سازوسامان سے لیس ہیں ، مطلوبہ پیشہ ورانہ مہارت کی حامل اور ملک کو تمام چیلنجوں سے بچانے کیلئے پرعزم ہیں، ہم خطے میں امن و استحکام اور تمام پڑوسیوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کے خواہاں ہیں تاہم کشمیری عوام کی حالت زار کا ازالہ کرکے ہی خطے میں دیرپا امن ممکن بنایا جا سکتا ہے ، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، ہر سال اس دن، پاکستانی قوم یوم دفاع و شہداء بڑے ولولے اور احترام سے مناتی ہے ۔
ہم سب مادر وطن کے بیٹوں اور افواج پاکستان کے عظیم سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے 6 ستمبر 1965 کو ہماری سر حدوں پر حملہ آور دشمن کے خلاف بے خو فی سے لڑتے ہوئے اسے شکست فاش دی، دشمن کے اس غیر اعلانیہ حملے اور عددی برتری کے باوجود افواج پاکستان کی بیداری اور تیاری کی بدولت تمام محاذوں پر ہزیمت اور عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا،گزشتہ 59 سال سے ، افواج پاکستان ہردم تیاراور پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور حربی تیاریوں کا مظاہر ہ کرکے جذبہ یوم دفاع کو زندہ رکھے ہوئے ہیں جو ہمارے دفاع اور استقلال کی علامت بن چکا ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا 6 ستمبر کا دن قوم کو ایک بار پھر اس جذبۂ استقامت اور حب الوطنی کی یاد دلاتا ہے جو ہمیں یکجا کرتا ہے ، ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ چیلنجز کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے ، اپنی سرحدوں کی حفاظت کی اور ہماری خودمختاری کو برقرار رکھا ہے ، ہمارے شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قوم کے دلوں میں نقش ہیں۔