مریم نواز کا ’’روڈا‘‘ میں آنیوالی کچی آبادیوں کو منتقل کرنے کا حکم

مریم نواز کا  ’’روڈا‘‘ میں آنیوالی کچی آبادیوں کو منتقل کرنے کا حکم

لاہور(نیوز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے گزشتہ روز شیخوپورہ کے نواحی علاقے راوی سفائر اور ریور ٹریننگ ورکس اینڈ بیراج سائٹ کا دورہ کیا اور سفائر بے پر ہونے والی تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اور محمد نواز شریف نے کوفرڈیم سائٹ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے عام لوگوں سے زبردستی زمینیں لینے کی عوامی شکایت پر اظہار ناپسندیدگی کیا اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ’’روڈا‘‘ پراجیکٹ میں آنے والی کچی آبادیوں کو مناسب مقامات پر منتقل کرنے کا حکم دیا جبکہ راوی ریور سٹی پراجیکٹ کے لئے دنیا کے بہترین پروفیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے اور روڈا پراجیکٹ میں بہترین تعمیر اتی معیار یقینی بنا نے کی ہدایت کی اور تعمیر اتی معیار کی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اور قائد محمد نوازشریف کو ریور ٹریننگ ورک ڈویلپمنٹ پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سی ای او روڈا عمران امین نے پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلات سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریا ئے راوی کے دونوں اطراف تین فیز میں 46 کلومیٹر چینلائزیشن کی جائے گی،روڈا پراجیکٹ میں 36 فیصد ایریا جنگلات اور سرسبز کے لئے مختص ہوگا۔ سائفن تا ہڈیارہ ڈرین 46 کلومیٹر طویل تین رویہ سڑک بنائی جائے گی، راوی ریور فرنٹ پرا جیکٹ میں تین بیراج بھی بنائے جائیں گے ۔ سینئر وزیرمریم اورنگزیب، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری ہاؤسنگ اسداللہ خان، کمشنر زید بن مقصود اور روڈا حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں