پنجاب کسان کارڈ کی ترسیل شروع:نالائقوں نے 40سالہ ترقی 4سال میں تباہ کردی :مریم نواز
لاہور(اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز اور انتظامی سیکرٹریز نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے پارلیمانی سیکرٹریز سے پانچ سالہ ویژن ڈاکو منٹ طلب کر لیا۔
انہوں نے محکمانہ میٹنگ میں متعلقہ پارلیمانی سیکرٹری کو مدعو کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا چینی سرمایہ کاروں نے ملاقات میں پنجاب کو مواقعوں سے بھرپور سرزمین قرار دیا ہے ۔سیاسی مخالفت کو دشمنی میں بدلنے کے رجحان نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔4 سال نالائقوں کے ہاتھ میں حکومت رہی، 40سالہ ترقی کو 4سال میں تباہ وبرباد کردیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا شہبازشریف کا ترقی کرتاہواپنجاب ملتا تو بہت تیزی سے آگے بڑھتے ۔شہبازشریف کے دور میں جو دن رات محنت ہوئی، وہ چندسالوں میں تباہ کر دی گئی۔محنت کی ہے لیکن چھ ماہ میں مثالی بہتری کا دعویٰ نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا عوامی نمائندہ ہوں، عوام کی بہتری کے لئے کبھی چھٹی نہیں کی۔میرا کام سے چھٹی نہ کرنا کسی پراحسان نہیں بلکہ میرا فرض ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا باقی باتیں کرتے رہیں، پانچ سال میں کوئی اتنی سکیمیں نہیں لاسکتا جو چھ ماہ میں ہم شروع کرچکے ہیں۔ہماری سکیمیں کاغذی نہیں بلکہ عملی طور پر کام شروع ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا مہنگائی کم ہورہی ہے آفس میں بیٹھ کر سکرین پر اشیائے خورونوش کے نرخ لائیو چیک کرتی ہوں۔مہنگائی میں کمی،میری اور آپ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے کہاپارلیمانی سیکرٹریز حکومتی امور کی انجام دہی میں میرے معاون بنیں۔بیوروکریسی پورا پورا تعاون کررہی ہے ۔مریم نواز نے عید میلاد النبیؐ پر جلوسوں میں مٹھائی تقسیم کرنے کی ہدایت جاری کی ۔انہوں نے کہا اقلیتی برادری کے لئے مینارٹی کارڈ بنانے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ دریں اثناء پنجاب کسان کارڈ کی ترسیل اور زرعی مال پائلٹ پراجیکٹ شروع کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہواجس میں پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں بتایا گیا گرین ٹریکٹر سکیم، ایگریکلچر گریجو یٹس انٹرن شپ اور ٹیوب ویل سولرلائزیشن کا جلد آغاز کیا جائے گا۔صوبہ بھر کے 136 زرعی مراکز میں 40ہزار کسان کارڈ کی ترسیل کا آغازہوگیا۔ہر تحصیل میں ایگریکلچر آفس کے زرعی سینٹر سے کاشتکاروں کو کسان کارڈ مہیا کئے جائینگے ۔ کاشتکار 15اکتوبر کے بعد گندم کی فصل کے لئے زرعی مداخل کے لئے کسان کارڈ استعمال کر سکے گا۔ کسان کارڈ سے پانچ لاکھ کاشتکار مستفید ہوں گے ۔کاشتکار 30 ہزار فی ایکڑ سے ڈیڑھ لاکھ تک قرض حاصل کر سکے گا۔ اوکاڑہ،بہاولپور،ساہیوال اور سرگودھا میں زرعی ما ل پائلٹ پراجیکٹ کا بھی آغازکر دیا گیا۔کاشتکار زرعی مال سے بیج،کھاد، پیسٹی سائیڈ، مشاورت، قرض اور دیگر سہولتیں لے سکیں گے ۔