عمران خان کا فوجی ٹرائل ہوگا یا نہیں؟ حکومت واضح جواب دے: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور(اپنے نامہ نگار سے، خبر نگار، کورٹ رپورٹر)توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی تحریک انصاف عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے خلاف ایف آئی اے قوانین کے تحت ٹرائل شروع کردیا گیا۔
پہلی سماعت اڈیالہ جیل میں سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی،عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی۔بعد ازاں ملزموں کی درخواست ضمانتوں پر سماعت بھی آئندہ پیشی تک ملتوی کر دی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کا فوجی عدالت میں ٹرائل ہوگا یا نہیں پر وفاقی حکومت سے واضح جواب طلب کرلیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ ملٹری حراست میں دینا ہو تو طریقہ کیا ہوتا ہے ؟،سیاست دانوں اور فوجی افسر کے بیانات کی خبریں ریکارڈ پر لائی گئی ہیں،اگر بیانات کسی افسر کی طرف سے آئیں تو وہ سنجیدہ ہیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ وزارتِ دفاع کے پاس آج دن تک ملٹری حراست و ٹرائل کی کوئی اطلاع نہیں،وزارتِ دفاع کی طرف سے بیان دے رہا ہوں کہ ایسی کوئی چیز ابھی نہیں آئی،اگر کوئی درخواست آتی ہے تو پھر بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وکیل سے کہاکہ آپ کو نہیں لگتا کہ آپ کی درخواست قبل از وقت ہے ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے واضح بیان کیلئے وقت دینے کی استدعا کی جس پر عدالت نے حکومت سے واضح جواب طلب کرلیا اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا واضح بیان نہیں ہے ،آئندہ سماعت پر واضح موقف کے ساتھ آئیں،عدالت نے سماعت آئندہ منگل24ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے سپیشل کورٹ سنٹرل میں زیر سماعت توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر جلد فیصلہ کرنے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے جواب کیلئے نوٹسز جاری کردئیے ،بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ10 ستمبر کو سپیشل جج سنٹرل نے بانی پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کی درخواستوں پر سماعت کرنی تھی،10 ستمبر کی صبح جج امجد رانجھا اچانک ایک ہفتے کی چھٹی پر چلے گئے ،معلوم ہوا کہ جج امجد رانجھا مزید اس عدالت میں جج نہیں رہنا چاہتے ،جج شا ہ رخ ارجمند کیس کی سماعت کرینگے ، ہمارے کچھ خدشات ہیں،عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست پر اعتراضات دور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو درخواست کو نمبر لگا کر مقرر کرنے کی ہدایت کردی،عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیااور سماعت18 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے احتساب عدالت کا12ستمبر کو190 پاؤنڈ ریفرنس میں بریت کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے ٹرائل روکنے کی متفرق درخواست دائر کر دی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ میرٹ پہ بریت بنتی تھی جو احتساب عدالت نے نہیں دی۔انسداد دہشت گری عدالت لاہور کے جج کے رخصت پر ہو نے کے باعث بانی پی ٹی آئی کی نو مئی کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 23 ستمبر تک ملتوی ہوگئی،عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں پر پراسکیوشن سے دلائل طلب کر لئے۔