مجھ پر ظلم ڈھانے والا جیل میں بہترین کھانے کھا رہا:مریم

مجھ پر ظلم ڈھانے والا جیل میں بہترین کھانے کھا رہا:مریم

لاہور(سیاسی نمائندہ،سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکمرانی عیش و عشرت نہیں،ذمہ داری کا بہت بڑا بوجھ ہے ،بدترین مخالف کے ساتھ بھی زیادتی نہیں کرنی چاہیے ،جو ہورہا ہے مکافات عمل ہے۔

بدترین مخالف نے مجھ پر مظالم ڈھائے آج وہ جیل میں اچھا کھانا کھارہا اور سکون سے رہ رہاہے ،ہمیں سیرت النبیؐ پر عمل کرناہوگا، والدین ، علما ومشائخ معاشرے کو احترام انسانیت کا درس دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میری والدہ اور دادا سچے عاشق رسول ؐ تھے ، ہمارے گھرانے میں ربیع الاول کو جشن کی طرح منایا جاتا ہے ۔ بچپن سے دیکھتی آرہی ہوں کہ ربیع الاول میں ہمارے گھر محفل نعت ہوتی ہے۔ عشق رسول ؐ کسی کم ظرف بد بخت کا نصیب نہیں۔ عشق رسولؐ کا آغاز ماں کی گود سے ہوتا ہے ۔ والدین سے اپیل کرتی ہوں کہ رات سونے سے قبل بچوں کو سیرت النبیؐ کے واقعات بتائیں۔ نبی اکرمؐ نے خطبہ حجتہ الودا ع کی صورت میں انسانی حقوق کے پہلے چارٹر کی بنیاد رکھی جس میں ہرفرد کے حقوق کاتعین کردیاگیا۔

اسلام کی پہلی درس گاہ مسجد نبویؐ میں انسانی حقوق کی تعلیم دی۔ عورتوں سمیت تمام کمزور طبقات کو عزت دی اور ہر قسم کی تفریق سے منع کر دیا۔میں بھی بیٹی ہوں، بچیوں کی تعلیم پر فتوے آرہے ہیں، آپ ؐ نے فرمایا علم حاصل کرو چاہے تمہیں چین جانا پڑے ۔ ہماری بچیوں کو اس طرح مواقع نہیں ملتے جیسے لڑکوں کو ملتے ہیں۔ نبی اکرمؐ نے تمام شعبہ ہائے زندگی کے ساتھ چلنے کا طریقہ بتادیا ۔ہمارے ملک میں اقلتیں محفوظ کیوں نہیں سمجھی جاتیں، کیوں قتل و غارت ہوتی ہے ۔ اقلیتوں کے حوالے سے بنی اکرمؐ نے واضح کہا ہے کہ کسی کے دین کو برا مت کہو۔ علما کی زندگی ایسی ہونی چاہیے جسے دیکھ کر لوگ اسلام سے محبت کرنا شروع کر دیں۔بچوں کو مار نہیں پیار سے دین کی طرف لانا چاہئے ۔ وزیراعلیٰ نے کہامیرے پاس 15 کروڑ افراد کا صوبہ ہے کسی کو دوائی نہیں ملتی،سستی روٹی اور آٹانہیں ملتا، صفائی نہیں تو سوچتی ہوں اللہ کو کیا جواب دوں گی۔ کہا جاتا ہے خواتین جیل میں ہیں،مجھ پر بہتان لگائے گئے ،آپ جانتے ہیں کہ اسکی کیا سزا ہے ۔جو ہورہا ہے جو آپ دیکھ رہے ہیں وہ دراصل مکافات عمل ہی ہے ۔

اسلام نے گناہ گار کی بھی سزا رکھی، جس نے ملک پر حملہ کیااور قانون توڑا میرے پاس اس کیلئے رحم نہیں ہے ۔وزیراعلیٰ نے سیرت اورنعت کی کتابوں کے مقابلے جیتنے والے مصنفین اورنعت گو حضرات کو ایوارڈز دیئے ۔سیرت النبیؐ پر اردو،عربی،پنجابی کتابیں،پنجاب اوراردو نعت گوئی پرنقد انعام اوراعزازی شیلڈ دی گئی۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا الخبیر آزاد اور مفتی رمضان سیالوی نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناوزیراعلیٰ مریم نواز نے ہر سال دل کے مریض 5 ہزار سے زائد بچوں کی زندگیاں بچانے کے تاریخی پروگرام کا آغاز کر دیا ۔دل کے مریض بچوں کاچیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرامکے تحت مفت علاج اور آپریشن کی فراہمی کا آغازکیاگیا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے چلڈرن ہسپتال کے کارڈیک سرجری وارڈ کا دورہ ،دیگر شعبوں کا معائنہ اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحتچائلڈ سرجری کارڈز تقسیم کیے ۔وزیر اعلیٰ نے چائلڈ ہارٹ سرجری کی مانیٹرنگ کیلئے بنائے گئے ڈیش بورڈ کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مریضوں کی خیریت پوچھی، تحائف دئیے ،چلڈرن ہسپتال میں بچوں کیلئے مخصوص پلے ایریاکا بھی دورہ کیا اور لڈو بھی کھیلی۔ بچوں سے گفتگومیں کہا اللہ آپ کو صحت دے، مریض بچوں کے والدین سے سہولیات بارے دریافت کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں