ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی بازیابی عدالت پولیس کی کارکردگی پر برہم
راولپنڈی (خبر نگار) ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چودھری عبد العزیز نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی بازیابی کے لئے دائر پٹیشن میں پولیس کی کارکردگی کو ناقص قرار دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے عدالت نے آئندہ تاریخ پر آئی جی جیل خانہ جات اور سی پی او راولپنڈی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے ۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریاست اپنے اہلکاروں سے کس طرح کا سلوک کررہی ہے ۔دوران سماعت سرکاری نمائندے کی جانب سے محمد اکرم کو جاری شوکاز نوٹس عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جو افسر غائب ہے اس کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا جس پر درخواست گزار کی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اینٹی کرپشن کے لوگ سکول سے محمد اکرم کے بچوں کے بارے میں کھوج لگا رہے ہیں بچوں سے متعلق سکول کے عملے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ۔عدالت نے آئی جی جیل خانہ جات اور سی پی او راولپنڈی کو 14 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کر لیا عدالت نے آئندہ سماعت پر سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع کو بیان حلفی جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔