علی امین کا سافٹ ویئر تبدیل ،چپ میں اسلام آبادنہیں تھا:کنڈی

علی امین کا سافٹ ویئر تبدیل ،چپ میں اسلام آبادنہیں تھا:کنڈی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اسلام آباد پہنچنے سے پہلے یقین دہانیاں کروا کرگئے تھے ، انہیں وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا پڑتا ہے ، اب دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے ۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان اپنے کرتوت کی بنا پر جیل میں ہیں، ان کو سزا سنانا یا ان کو چھوڑنا عدالتوں کا کام ہے ، یہ حکومت یا وزیراعظم کا کام نہیں ہے عمران خان کی رہائی کیلئے جوہوگا عدالت سے ہوگا، ڈی چوک کے ذریعے نہیں ہوگا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کیا گیا ہے ، ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ کارکنوں کو اکیلا چھوڑ کر ڈی چوک کے بجائے کے پی ہاؤس پہنچ جائیں اور پھر غائب ہوجائیں، ان کا سافٹ ویئر تبدیل کیا گیا ہے جس کی چپ میں اسلام آباد نہیں تھا،علی امین گنڈاپور کو ورکر زنے کہا کہ آگے بڑھو لیکن لیڈرنے کہا ریورس گیئر ماریں۔فیصل کریم کنڈی نے ایک اور ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگائے جانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا معاملات حد سے بڑھ گئے تو گورنر راج لگانے میں کوئی قباحت نہیں ،جو چیز آئین میں موجود ہو اس کا آپشن ضرور موجود ہوتا ہے ، گورنر راج ماضی میں لگائے گئے ہیں، جب مرض لاعلاج ہوجاتا ہے تو نہ چاہتے ہوئے بھی فیصلہ کرنا پڑتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں