پاک بھارت تعلقات پر بات کرنے نہیں جارہا:جے شنکر
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے وزیرخارجہ سبرامینم جے شنکر نے پاکستان میں شیڈول شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے دوران دو طرفہ مذاکرات کے امکان کو مسترد کردیا۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے وزیرخارجہ جے شنکر نے نئی دہلی میں ایک تقریب میں پاک بھارت تعلقات سے متعلق سوال پر کہا کہ مجھے توقع ہے کہ میڈیا کی بھرپور توجہ ہوگی کیونکہ تعلقات کی نوعیت ایسی ہے لیکن میں کہنا چاہتا ہوں یہ اجلاس کثیرالملکی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں وہاں پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات پر بات کرنے کے لیے نہیں جا رہا ۔ان کا کہنا تھا کہ میں وہاں ایس سی او کے رکن ملک کی حیثیت سے جا رہا ہوں لیکن میں ایک سنجیدہ اور مہذب شہری ہوں تو میں اسی طرح کا رویہ اپناؤں گا۔