لاہور ہائیکورٹ :زیرالتوا مقدمات کا پہلی مرتبہ فیزیکل آڈٹ
لاہور(عدالتی رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عدالت عالیہ اور ضلعی عدلیہ میں زیر التوا مقدمات کا فزیکل آڈٹ کروایا،عبوری اعدادوشمار کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ایک لاکھ سے زائد مقدمات زیر التوا ہیں۔
آئندہ انتظامی کمیٹی اجلاس میں زیر التوا مقدمات کے جلد فیصلے کرنے پر لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا، 31 جولائی 2024 تک کے زیر التواء مقدمات کے فزیکل آڈٹ کے بعد عبوری فہرستیں تیار کی گئی ہیں،جن کے مطابق لاہور ہائی کورٹ پرنسپل سیٹ پر 65 ہزار 975 مقدمات زیر التوا ہیں،جن میں 11 ہزار 836 سول جبکہ 25 ہزار 312 فوجداری مقدمات ، 26 ہزار 175 رٹ درخواستیں اور 2 ہزار 652 کمرشل و ٹیکس مقدمات شامل ہیں،لاہور ہائیکورٹ بہاولپور بینچ پر زیرالتوا مقدمات کی کل تعداد 9 ہزار 703، ملتان بینچ پر 22 ہزار675 ،راولپنڈی بینچ میں 5 ہزار 343 کیسز زیر التوا ہیں۔ صوبہ بھر کی ضلعی عدلیہ میں زیرالتوامقدمات کی تعداد 14 لاکھ 6 ہزار سے زائد ہے جن میں 11 لاکھ 90 ہزار کے قریب سول ،2 لاکھ 17 ہزار سے زائد فوجداری مقدمات شامل ہیں۔