ہمارے ایم این ایز کو 20،20 کروڑ کی آفرز ہوئیں:اسد قیصر

 ہمارے ایم این ایز کو 20،20 کروڑ کی آفرز ہوئیں:اسد قیصر

اسلام آباد، پشاور (نیوز ایجنسیاں )پی ٹی آئی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دعویٰ کیا ہے کہ آئینی ترامیم کے حوالے ان کے اراکین قومی اسمبلی کو 20،20 کروڑ کی پیشکش کی گئی ہے ۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ آئینی ترامیم 17 یا 18 اکتوبر کو لائی جا رہی ہیں، فاشسٹ حکومت بتائے زور زبردستی سے کون سی قانون سازی ہوتی ہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ہمارے اراکین اسمبلی پردبائو ڈالا جارہا ہے اور 20،20 کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی مگر ہمارا کوئی ایم این اے نہیں ٹوٹے گا۔ سابق سپیکر کا کہنا تھا کہ ہم ان کو عدلیہ پر حملہ نہیں کرنے دیں گے ، آئینی ترامیم کے حوالے سے تمام بار ایسوسی ایشنز کو اعتماد میں لینا چاہیے ۔اسد قیصر نے مزید کہا کہ محسن نقوی کے ساتھ بیٹھنا صوبائی حکومت کا استحقاق ہے ، تنازعات کا حل تشدد میں نہیں مذاکرات میں ہے ، ہم اتنے کمزور ہوچکے کہ ہر چیز بندوق اور زبردستی سے کرنا پڑتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کے پی ہاؤس کو بند کرنا انتہائی افسوسناک ہے ۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرعلی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیام امن کی کوششوں میں صف اول میں نظرآئیگی، جرگے میں اہم قومی نوعیت کے نکات پرتمام جماعتوں میں اتفاق ہوا ۔ایک انٹرویو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا خیبرپختونخواامن جرگے میں تمام جماعتیں مشترکہ کوششوں پرمتفق ہوگئیں،اتفاق ہواآئندہ اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی ملکی ادارے کیخلاف نعرہ نہیں لگے گا،قومی پرچم کے تقدس اورآئین کے احترام کی تمام جماعتیں پابندی کریں گی،پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے کارکنوں پر شیلنگ کی گئی جس کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے ساتھ دوغلے پن کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ،بانی پی ٹی آئی کو کھانے پینے اور شاہ محمود کو بھی صحت کا مسئلہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں