آئی پی پیز نہیں معیشت نے آئی پی پیز کو تباہ کردیا:عباسی
کراچی(آئی این پی )عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئی پی پیز نے معیشت تباہ نہیں کی، معیشت نے آئی پی پیز کو تباہ کردیا ہے ۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت پاکستان جو وعدہ کرتی ہے اس پر کھڑی نہیں رہتی، آپ کیسے ملک چلائیں گے ؟، آپ کہتے ہیں 411 ارب روپے بچ گئے ، آپ کو 411ارب روپے کے پیچھے 4ہزار ارب ادا کرنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014میں 16 ،16گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، آج پاکستان میں جو بجلی لگی ہوئی ہے وہ صرف 18ہزار میگاواٹ ہے ، پاکستان 18ہزار میگاواٹ بجلی پر کھڑا ہے ۔ شاہد خاقان عباسی کاکہنا تھا کہ مجھے پلانٹس کے نام زبانی یاد ہیں، کیپسٹی چارجز تقریبا 18روپے فی یونٹ بنتے ہیں، آج اگر ڈالر 100روپے کا ہوتا تو یہ 18روپے 6روپے ہوتے ۔ ان کاکہنا تھا کہ ہمیں سمجھ نہیں ہے کہ دنیا اور ملک کیسے چلتے ہیں ، ہمیں سمجھ نہیں کہ مارکیٹ بیسڈ اکانومی کیا ہوتی ہے ، آج بھی ہمارے کمزور ترین ریگولیٹر ہیں۔