پی ٹی آئی کا کل ملک گیر احتجاج کا اعلان آئینی ترامیم سسٹم کیخلاف سازش :علی امین

پی ٹی آئی کا کل ملک گیر احتجاج کا اعلان آئینی ترامیم سسٹم کیخلاف سازش :علی امین

اسلام آباد،نوشہرہ (خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دستور میں تر امیم کے حکومتی منصوبے کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائیگی ۔

آئین میں ترمیم اور بانی پی ٹی آئی سے بدترین سلوک کرنے کے خلاف کل جمعہ کو ملک گیر سطح پر احتجاج کیا جائیگا ۔اعلامیہ کے مطابق سیاسی کمیٹی کی جانب سے اڈیالہ میں قید بانی پی ٹی آئی سے روا رکھی جانے والی زیادتیوں کی مذمت کی گئی ہے اور بنیادی حقوق کی اور ان تک اہلِ خانہ، قائدین کی رسائی کی فوری بحالی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے تمام ریجنل اور مقامی تنظیمات کو تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر نمازِ جمعہ کے بعد بھرپور مگر پرامن احتجاج کی ہدایت کر دی گئی ۔آئینی ترمیم کے ذریعے دستور کو مسخ کرنے کی حکومتی کوشش کو کسی طور پر قبول نہ کرنے پر مکمل اتفاق کیا گیا ۔آئین کی بالادستی پر یقین رکھنے والے تمام طبقات کو پرامن احتجاج میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے ۔اجلاس میں پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں ترمیم کا راستہ روکنے کیلئے بھی ہر ممکن کوشش پر اتفاق کیا گیا ۔سیاسی کمیٹی کی جانب سے علیمہ اور عظمیٰ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ۔ادھرجلوزئی ضلع نوشہرہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سپریم کورٹ اور سسٹم کے خلاف سازش ہے ۔حکمران سیاستدانوں کو بلیک میل کر کے اور جبر کے ذریعے اکثریت پوری کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔سپریم کورٹ کے مقابل آئینی عدالت لانے کی کوشش کررہے ہیں۔آئینی ترمیم کا ڈرامہ جلد فلاپ ہونے والا ہے ۔حکمران اتنا ظلم کریں جتنا وہ کل برداشت کرسکیں ۔تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ہرممکن ریلیف دلاکر دم لے گی۔پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ اپوزیشن اراکین کو 1 ارب سے بھی زائد کی آفرز آرہی ہیں۔اسد قیصر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آئینی پیکیج سے متعلق مسلسل جھوٹ بول رہی ہے ، مجوزہ آئینی ترامیم کے اصل مسودے کو ابھی تک چھپایا گیا ہے ۔اسد قیصر نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے وفاقی حکومت کا پرانا مسودہ اب بھی برقرار ہے ، حکومت آئینی عدالتوں کے علاوہ ملٹری کورٹ کی بھی بات کر رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں