پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم، آج دوبارہ ہو گا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا آج ہونے والا اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا، خصوصی کمیٹی کا اجلاس آج صبح ساڑھے 12 بجے دوبارہ ہو گا۔

ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس سید خورشید شاہ کی زیر صدارت ہوا جس میں حکومت کی پانچویں اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی نے آئینی ترمیم کے حوالے سے مسودہ پیش کیا، حکومتی اتحادی جماعت نے آئینی ترمیم پر ووٹ کے لیے تین تجاویز کمیٹی کے سامنے رکھ دیں۔

پارلیمانی ذرائع نے بتایا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے تجویز دی ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں نشستوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، قومی اسمبلی میں بھی بلوچستان کی نشستیں بڑھائی جائیں، ججز کی تعیناتی کے لیے تین کی بجائے پانچ ججز کا پینل دیا جائے۔

کمیٹی نے ن لیگ، پیپلزپارٹی،جے یو آئی اور اے این پی کے مجوزہ ڈرافٹ یکجا کر لیے، مشترکہ مجوزہ ڈرافٹ آج رات لاہورمیں لیگی صدر میاں نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں پیش کیا جائےگا۔

بعدازاں کمیٹی چیئرمین سید خورشید شاہ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں بتایا کہ خصوصی کمیٹی نے آج چار جماعتوں کے ڈرافٹ کو یکجا کیا ہے، بی این پی اوربلوچستان عوامی پارٹی نے بھی اپنے ڈرافٹ دیئے ہیں، پی ٹی آئی کے چیف وہیپ عامرڈوگرنے رابطہ کیا اور اجلاس ملتوی کرنے کی درخواست کی۔

خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ عامرڈوگر نے کہا کہ ہم آئینی ترمیم پر آج اپنا اجلاس کررہے ہیں، ہمیں ایک دن کا وقت دیا جائے، خصوصی کمیٹی کا اجلاس پی ٹی آئی کی درخواست پرکل تک ملتوی کیا گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں