علیمہ اور عظمیٰ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست خارج

علیمہ اور عظمیٰ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست خارج

لاہور(عدالتی رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق ندیم نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سے ملاقات کی درخواست پر دفتری اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔

رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض کیا گیا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان جہلم جیل میں قید ہیں،درخواست پرنسپل سیٹ پر دائر نہیں کی جا سکتی ،درخواست گزار راولپنڈی بینچ سے رجوع کرے ۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 5 اکتوبر کو لاہور میں احتجاج اور جلائو گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنما ایم پی اے علی امتیاز وڑائچ کی 4 مقدمات میں 2 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی،عدالت نے ملزم کو دو دو لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پی ٹی آئی ایم این اے سردار لطیف کھوسہ کی حفاظتی ضمانت دس روز کے لیے منظور کر لی،عدالت نے درخواست گزار کو متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی،درخواست گزار کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد نے توڑ پھوڑ کے الزام میں مقدمہ درج کیا ۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 5 اکتوبر جلاؤ گھیراؤ کیس میں تحریک انصاف کے 2 رہنماؤں سلمان اکرم راجہ اور افضال عظیم کی عبوری ضما نتوں میں 24 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کے 6 مقدمات میں سوشل ایکٹوسٹ صنم جاوید کے ورانٹ گرفتاری جاری کردیئے ،عدالت نے صنم جاوید کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کر دی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر ملزمہ بیمار ہے تو میڈیکل پیش کیوں نہیں کیا گیا؟شاہ محمود قریشی ،ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کو عدالت پیش کیا گیا، مزید سماعت 30 اکتوبر کو ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں