چیف جسٹس حکومت نے لگاناتو فیصلے بھی خود کرلے :شعیب شاہین
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)رہنما تحریک انصاف شعیب شاہین نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کا تقرر حکومت نے کرنا ہے تو فیصلے بھی خود کرلے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘ٹونائٹ ود ثمرعباس’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ یہ کوئی نارمل ترمیم نہیں ، کٹھ پتلی حکومت کے ذریعے ترمیم کرائی گئی۔
یہ ملک کواندھیروں میں دھکیل کر جا رہے ہیں، اتحادی جماعتیں ججزکو متنازعہ بنا رہی ہیں، یہ اب ترمیم کے بعد اپنی مرضی کے ججز لگائیں گے ۔ 26ویں آئینی ترمیم میں فراڈ اور بدنیتی شامل ہے کہ تین ججز میں سے چیف جسٹس کا فیصلہ کیا جائے گا۔رہنما مسلم لیگ (ن )افنان اللہ خان نے کہا آئینی ترمیم بارے پی ٹی آئی نے کتنا شورمچایا تھا،انکے شور کے باوجود آئینی ترمیم منظورکر لی گئی۔ قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے ، چیف جسٹس حکومت کی مرضی سے لگانے میں کوئی برائی نہیں ، یہ اختیاراگر پارلیمان کے پاس آگیا ہے تو کیا برائی ہے ۔انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ جب بینچ پی ٹی آئی کی مرضی سے بنتے تھے تب ان کوخیال نہیں آیا، آج ایک اچھا دن ہے ۔