کاشتکاروں کیلئے 400 ارب کا ریکارڈ پیکیج، مریم نواز نے کسان کارڈ کا اجرا کردیا
لاہور، حافظ آباد(سٹاف رپورٹر، نامہ نگار)پنجاب کے کسانوں کیلئے 400ارب روپے کے ریکارڈ پیکیج پر عملدر آمد شروع ،صرف چھ ماہ کی ریکارڈ مدت میں کسانوں کے دس پراجیکٹ فعال کردیئے گئے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 150ارب روپے کا وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ مہیا کر دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے صرف چھ ماہ میں پنجاب میں کسان کارڈ لانچ کر دیا۔وزیراعلیٰ نے کسان کارڈ کی تعداد پانچ لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے سات لاکھ،ساڑھے بارہ ایکڑ سے 25 ایکڑ تک گندم کاشت کرنے والے کسانوں کو مفت لیزر لیولر دینے ،25 ایکڑ سے زائد کاشتکاروں کو مفت ٹریکٹر دینے ،کاشتکاروں کے لئے بغیر نفع کرایے پر زرعی مشینری فراہم کرنے کے پراجیکٹ اورکسان کارڈ کے ڈیلرز کی تعداد 3000 تک بڑھانے کا اعلان بھی کردیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے حافظ آباد منعقدہ تقریب میں کاشتکاروں کو خود کسان کارڈ دیئے ۔وزیر اعلیٰ نے کارڈ حاصل کرنے والے حافظ آباد کے کاشتکار شاہ نواز نیکوکار،ثنااللہ،فرحت رزاق، عبدالغفور، طارق محمود گجر کو مبارکباد دی اورتقریب سے خطاب میں کہا پنجاب میں زراعت اور گندم کی کاشت کا رحجان بڑ ھ رہا ہے ۔ بجلی کے زیادہ بل کاشتکار کے منافع میں کمی لاتے ہیں۔ ہر شہر میں سبزیاں کاشت کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ لوگوں نے کاشتکاروں کیلئے صرف نعرے لگائے ۔ کام صرف مسلم لیگ ن نے کیا۔ سٹاک ایکسچینج اب 9100تک پہنچ چکی ہے کیونکہ نواز شریف کی حکومت ہے ۔ چاہتی ہوں روٹی اور آٹا بھی سستا رہے اور کسان کو بھی پرافٹ ملے ۔کاشتکار بھائی اعتماد رکھیں، بھروسہ نہیں ٹوٹنے دوں گی۔ دوسرے صوبوں والے فون کرکے پراجیکٹ کی تفصیل مانگتے ہیں۔ پنجاب کو بدلتا دیکھ رہی ہوں۔ فتنہ فساد،گھیرائو جلاؤ لاقانونیت اور مہنگائی اب دم توڑ رہی ہے ۔ جب بھی ترقی ہو، خوشحالی آئے ۔
نواز شریف کی حکومت آتی ہے ، مہنگا ئی نیچے جا تی ہے ۔ جادو کی چھڑی نہیں اللہ کا خوف اور عوام کی خدمت کا جذبہ ہے ۔ سکول اور ہسپتال جاتی ہوں تو لوگوں کے چہروں پر خوشی آتی ہے ۔ ڈیزل وبجلی کے 7ہزار ٹیوب ویل سولر پر منتقل کررہے ہیں۔ کاشتکار گندم اگائیں، پرافٹ میری ذمہ داری ہے ۔ بہترین سستے بیج، کھاد اور دیگر سہولیات فراہم کرینگے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ۔ سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سمز)میں وزیر اعلیٰ نے بچوں کو خود حفاظتی قطرے پلا ئے اورزیرو پولیو کا ٹارگٹ مقرر کردیا ۔ وزیر اعلیٰ نے ننھی بچی نائرہ کو گود میں اٹھا کر پیار کیا، قطرے پلائے ،کینڈیز دیں۔ دیگر بچوں کو بھی ویکسین پلانے کے بعد کینڈیز کے گفٹ دیئے اوران کو نشان بھی لگایا۔ مریم نواز نے پولیو ورکرز سے ملاقات پرمحنت کی تلقین کی،خدمات کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا والدین پولیو مہم میں بچوں کو ویکسین ضرور پلائیں اور عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا 3 نومبر تک پولیو مہم کے دوران دو کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے ۔ لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں مہم سات روزہ ہو گی اور بقیہ اضلاع میں پانچ روز جاری رہے گی۔ 2 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز خدمات انجام دینگے ۔ سنرجی ایویلیویشن سسٹم ایپلی کیشن کے ذریعے ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کا سراغ لگایا جارہا ہے ۔