مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر انڈیاسے تجارت نہ کی جائے :حافظ نعیم

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر انڈیاسے تجارت نہ کی جائے :حافظ نعیم

لاہور(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ میں پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی بھارتی وزیراعظم مودی سے ملاقات کیلئے بے تابی اور بھارت سے تجارت کیلئے سرگرم ہونے پر اظہار تشویش کا ذکر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے تجارت نہ کی جائے، لنگڑی لولی کشمیر کمیٹی کو فعال، کشمیر پر قومی پالیسی اورروڈ میپ تشکیل دیا جائے۔

نواز شریف گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کے قاتل سے ملنے کو تڑپ رہے ہیں، مودی سے اظہار محبت سے کشمیریوں کو کیا پیغام جائے گا۔افغانستان سے بات چیت کی جائے ، پورے خطے میں امریکی اور بھارتی مداخلت ختم کرنے کیلئے وسط ایشیائی ریاستیں ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا 5آئی پی پیز سے معاہدوں کے خاتمہ سے قومی خزانہ کو 441ارب کافائدہ ہوا، مزید 8معاہدے ختم ہونے جا رہے ہیں جن سے 112ارب بچت ہو گی، 18آئی پی پیز سے بات چل رہی ہے ، فوجی فاؤنڈیشن کے تحت چلنے والی 5 آئی پی پیزاور حکمران خاندانوں کی ملکیتی آئی پی پیز سے معاہدے بھی ختم کیے جائیں، سارا فائدہ بجلی بلوں میں دیا اور عوام سے بجلی لاگت کے مطابق بل لیا جائے ۔عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں مزید کمی پر حکومت پٹرول کی قیمت 85روپے لٹرکم اور 60روپے فی لٹر لیوی ختم کرے ۔

انہوں نے کہا میرٹ پر بھرتی اساتذہ سے دوبارہ ٹیسٹ لینے کے اقدام سے بدنیتی ظاہر ہورہی ہے ،اساتذہ کیساتھ ہیں، تعلیمی اداروں کو کسی صورت این جی اوز کے حوالے نہیں کرنے دینگے ،سکول پرائیویٹ کرنے کی پالیسی واپس لی جائے ۔ انہوں نے کہا ترقی کے اعدادوشمارپرغلط بیانی سے کام لیا جا رہا ہے ۔عالمی بینک کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح40.5فیصد ہو چکی ہے ،ہر سال16لاکھ نوجوان بے روزگار ہو رہے ہیں ۔معیشت بہتر بنانے کیلئے بجلی سستی کرنا ہوگی،مہنگی بجلی پرانڈسٹریز بند ہو رہی ہیں،ہم عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ پنجاب میں 2015 سے لوکل گورنمنٹ الیکشن نہیں ہوئے ، کے پی میں کورٹ کے ذریعے الیکشن ہوا، کراچی میں قبضہ میئر کا ہے، بلوچستان میں بھی جس طرح الیکشن ہوئے سب کو معلوم ہے۔ بااختیار لوکل گورنمنٹ کیلئے تحریک چلائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں