ایف آئی اے امیگریشن کے 2 افسر برطرف،15کی تنزلی
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے محکمہ امیگریشن کے 2 افسران کو کرپشن میں ملوث ہونے پر برطرف کر دیا گیاجبکہ14 کی تنزلی کر دی گئی۔
دستاویزات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کے افسران و اہلکاروں کیخلاف کرپشن اور بد عنوانی ثابت ہو گئی۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ بدعنوانی میں ملوث افسران و اہلکاروں میں سب انسپکٹر، اے ایس آئی اور ہیڈ کانسٹیبل شامل ہیں۔ ثبوت ملنے کے بعد 2 افسران کو نوکری سے نکالنے کیساتھ ساتھ 15 افسران و اہلکاروں کی تنزلی کر دی گئی۔تنزلی کے بعد 6اے ایس آئی کو ہیڈ کانسٹیبل بنا دیا گیا جبکہ سب انسپکٹر کی اے ایس آئی کے عہدے پر تنزلی کردی گئی۔دستاویز کے مطابق کرپشن میں ملوث 8 ہیڈ کانسٹیبل کی بھی کانسٹیبل کے عہدے پر تنزلی کر دی گئی۔ کرپشن میں ملوث تمام افسران و اہلکاروں کے محکمانہ کارڈ ضبط کر کے انہیں ایڈمن برانچ ہیڈ کوارٹرز رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔