الیکشن امریکہ کااندرونی معاملہ،ہماری اس پرکوئی پوزیشن نہیں:پاکستان

الیکشن امریکہ کااندرونی معاملہ،ہماری  اس پرکوئی پوزیشن نہیں:پاکستان

اسلام آباد (وقائع نگار) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کو تشویشناک قرار دیتے ہو ئے کہا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر حملے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

 پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر ہونے والا حملہ باعث تشویش ہے ، تمام سابق چیف جسٹس صاحبان کو دورے کے دوران سفارتخانے کی جانب سے سہولیات مہیا کی جاتی ہیں، پاکستانی سفارتخانہ اس حوالے سے کام کر رہا ہے ۔ امریکی الیکشن ملک کا اندرونی معاملہ ہے اس پر ہماری کوئی رائے نہیں ،پاکستان کی امریکی سیاست کے حوالے سے کوئی پوزیشن نہیں ،پاکستان کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتا ہے نہ ہی اپنے معاملات میں مداخلت پسند کرتا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ2019 میں پاکستان نے بھارت سے تجارت معطل کی ابھی بھی تجارت کی وہی پوزیشن برقرار ہے ، ایک سوال کے جواب میں ترجمان کاکہنا تھاعافیہ صدیقی کا خاص کیس ہے جو دلوں کو لگتا ہے ، جن حالات میں انہیں گرفتار کیا گیا اور ان کو سزا ملی تو اس پر ملک میں بڑی بحث ہوئی، امریکا میں ایک سزا یافتہ فرد صرف رحم کی اپیل کر سکتا ہے ، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جانب سے رحم کی اپیل پر تفصیلات کا انتظار ہے ۔ ترجمان نے کہا ہم دفتر خارجہ کی جانب سے کسی غیر ملکی سفیر یا سفیروں کے گروپ کے دوسرے شہر دورے کے پروٹوکول سخت کر رہے ہیں۔ غیر ملکی سفیر ہمارے مہمان ہیں اور ہم ان کے مکمل تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں روسی باشندے کے اغوا پر سوشل میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں، ابھی تفصیلات کے مکمل حصول تک اس کی تصدیق نہیں کر سکتے ۔ جرمن سفیر کی جانب سے آئی پی پیز کے معاملے پر آرمی چیف کو خط لکھنا سمجھ سے بالاتر ہے ، پاکستان اپنے معاملات میں کسی دوسرے ملک کی مداخلت پسندنہیں کرتا، جرمن سفیر کو متعلقہ وزارتوں کو اس حوالے سے اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں