جماعت اسلامی 26ویں ترمیم چیلنج کریگی:حافظ نعیم الرحمن
لاہو ر(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 26 آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج کرے گی، وکلا سے مشاورت حتمی مراحل میں ہے ۔
حکومت نے آئینی ترمیم سے عدلیہ پر قبضہ جمانے کی کوشش کی، یقین ہے یہ قبضہ آج نہیں تو کل ختم ہوجائے گا،27 ویں ترمیم کا شوشہ عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے ہے ۔ پوری حکومت ہی جھوٹ پر کھڑی ہے ، اشرافیہ ٹیکس نہیں دیتی اور ٖغریبوں ،تنخواہ داروں کا خون نچوڑا جارہا ہے ۔ حکومت پٹرول کی قیمتوں میں کم ازکم100روپے فی لٹر کمی کرے ۔ آئی پی پیز معاہدے ختم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔پی آئی اے ، سکولوں اور قومی اداروں کی لوٹ سیل کی مزاحمت کریں گے ۔ممبرسازی مہم 30نومبر تک جاری رہے گی، اس کے بعد حق دو عوام کو تحریک کے آئندہ کے مرحلے کا آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی و صوبائی قیادت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت مزید 14ہزار سکولوں سے جان چھڑا کر انہیں پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنا چاہتی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب کسانوں کو دھوکہ دے رہی ہیں، کسانوں کو خیرات نہیں حق چاہیے ،انہیں فصلوں کے لیے پانی، کھاد، بیج چاہیے ، زرعی بجلی کے ٹیرف میں نمایاں کمی کی جائے ۔امیر جماعت نے مستونگ میں دہشت گرد حملہ کی پرزور مذمت کی اور بچوں سمیت دیگر شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی۔