حکمران قبضہ مافیا، عوام یرغمال ،نوجوان ساتھ دیں :حا فظ نعیم

حکمران قبضہ مافیا، عوام یرغمال ،نوجوان ساتھ دیں :حا فظ نعیم

کراچی (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود نوجوانوں کی تعلیم کیلئے ذمہ داری پوری نہیں کرتی، متوسط اور غریب گھرانوں کیلئے تعلیم کا حصول مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ، 25کروڑ عوام کو حکمرانوں نے اپنے ظلم و جبر سے یرغمال بنایا اور ملک کی دولت پر قبضہ کیا ہوا ہے۔

 ملک اور قومی وسائل پر قابض حکمرانوں سے نجات اور قبضہ مافیا سے جان چھڑانے کیلئے نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ہمت کریں، آگے بڑھیں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔ الخدمت کے تحت کراچی کے نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کرانے کیلئے اتوار کو فیڈرل بی ایریا اور گلشن معمار میں بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کے دوران بنو قابل پراجیکٹ کے ذریعے 50ہزارسے زائد طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کرا ئے جا چکے ہیں جو طلبہ ڈگری کورس کرنا چاہتے ہیں انہیں مفت ڈگری کورس بھی کرائیں گے اور ان کے روزگار کے لیے سہولت و معاونت بھی کریں گے ،بنو قابل 2.0,1.0 اور 3.0مکمل ہوچکے ہیں، 4.0میں مزید 50ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کرائیں گے ، کراچی کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ دفاتر بنانے جا رہے ہیں، 7نومبر کو لاہور میں نوجوانوں کی تعلیم کے حوالے سے بڑا پروگرام کریں گے ،آئندہ 2سال میں 10لاکھ نوجوانوں کو کورسز کرائیں گے ۔

نوجوانوں کو آئی ٹی اسکلز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں بڑا پوٹینشل ہے ، ہمارے ملک میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے ، ملک کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار وسائل سے نوازا ہے لیکن چند لوگ ان پر ناگ بن کر بیٹھ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ساتھ ظالمانہ معاہدے کرنے والوں نے عوام کے پیسوں پر ڈاکا ڈالا، حکمرانوں نے ان کی سرپرستی کی، ہمیں مختلف محاذوں پر کام کرنا ہے ، حکمرانوں سے بھی مقابلہ کرنا ہے ، نوجوان تعلیم حاصل کریں اور آئی ٹی کورسز کرنے کے بعد دوسروں کو بھی سکھائیں،جتنی محنت ہمارا نوجوان ملک سے باہر کرتا ہے اس کی آدھی محنت بھی پاکستان میں کریں تو ملک آگے بڑھے گا۔ چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے خطاب میں کہا کہ امیر جماعت اسلامی نے کراچی کے نوجوانوں کے لیے ویژن رکھا کہ انہیں تعلیم کے میدان میں آگے بڑھایا جائے ، الخدمت و جماعت اسلامی کے تحت بنوقابل کے تحت ہزاروں طلبہ و طالبات اپنا کاروبار شروع کرچکے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں