حکومت پاکستان اب درست سمت میں گامزن :عالمی بینک
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک نے کہا کہ پاکستان میں میکرو اکنامک عدم استحکام کے باعث گروتھ نہیں بڑھ سکی، جی ڈی پی تناسب 90 کی دہائی والا ہے۔
سالانہ پائیدار ترقی کے اہداف پر منعقد کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان میں آج بھی ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 90کی دہائی کے مطابق 11فیصد پر ہے سیاسی عدم استحکام سے مائیکرو اکنامک جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے ، اب حکومت پاکستان درست سمت میں گامزن ہے جس سے استحکام نظرآرہا ہے ۔عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان کو تقریباً مسلسل 2دہائیوں تک استحکام کیساتھ پالیسیوں پرعملدرآمد کی ضرورت ہے ، پاکستان میں غربت کے خاتمے کیلئے تقریباً 3دہائی تک سماجی تحفظ کے شعبے پر کام کرنا ہو گا۔ قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جو ملک میں پائیدار ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ حکومت کی کوششوں سے ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا تاہم ماحولیاتی چیلنج بدستور ہیں۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ گلیشیر تیزی سے پگھل رہے ہیں، ڈیمز بنانا ناگزیر ہیں۔