کراچی :مل میں سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ،2چینی شہری زخمی
کراچی(سٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے سائٹ ایریا ٹیکسٹائل مل میں سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے دو غیر ملکی ملازم زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ واقعہ کے بعدگارڈ موقع سے فرار ہوگیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ٹیکسٹائل مل کے سکیورٹی گارڈ اور دو چینی ملازمین کے درمیان تلخ کلامی کے دوران پیش آیا ،گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی باشندے زخمی ہوئے ۔ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ واقعہ کے مقام پر سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں ، ڈیفنس سے پولیس اور رینجرز کی سکیورٹی میں صبح غیر ملکیوں کو فیکٹری پہنچایا گیا تھا تاہم فیکٹری کے اندر سکیورٹی کی ذمہ داری کمپنی کی ہوتی ہے ،ٹیکسٹائل مل سے چار سکیورٹی سپروائزرز کو حراست میں لیا ہے ۔عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کر لئے گئے ہیں جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔