سیالکوٹ،فیصل آباد:پولیس مقابلے ،ریکارڈیافتہ 4ڈاکو ہلا ک
سیالکوٹ ،فیصل آباد، جڑا نوالہ(نمائندہ دنیا،سٹی رپورٹر، نمائندہ دنیا )سیالکوٹ اور فیصل آباد میں پولیس مقابلوں کے دوران 4ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔
ایس ایچ او بمبانوالہ نفری کے ہمراہ ملزموں عمرحیات اور حیدر علی کو تفتیش کیلئے لے جارہے تھے کہ ان کے 2ساتھیوں نے انہیں چھڑوانے کیلئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی،ڈاکوعمرحیات ساتھی ملزموں کی فائرنگ سے مار ا گیا جبکہ حیدر علی دو ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہوگیا جس کا سامنا تھانہ سٹی پولیس سے ہوگیا اور فائرنگ کے تبادلہ کے بعد ملزم حیدر علی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک پایا گیا دونوں ملزم دیگر مقدمات سمیت پٹرولنگ پولیس ملازم کے قتل میں بھی ملوث تھے ۔ فیصل آباد پولیس نے چک نمبر 237رب کھڈیاں وڑائچاں میں منی چھوٹو گینگ کا روپ دھارنے والے وقاص شاہ گینگ کے دو متحرک کارندوںعلی شاہ عرف منا اور عمر فاروق عرف لکڑ کو مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک کر دیا اورزیر قبضہ علاقے کو واگزار کرواتے ہوئے عام شہریوں کیلئے محفوظ اور کلیئر کر دیا جبکہ گینگ کے دیگر ملز موں کی گرفتاری کیلئے پولیس کی خفیہ کار روائیاں اور سرچ آپریشن جاری ہے ۔