سعودی عرب سے معاہدے خارجہ اور معاشی پالیسیوں میں تبدیلیاں ہوں گی:مصدق ملک
اسلام آباد (آن لائن)وزیر توانائی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ دو اعشاریہ دو ارب ڈالر کے معاہدے کیے ، جس تیزی سے سب ہو رہا ہے ہر دو تین ماہ بعد ایسے معاہدوں پر دستخط ہوسکتے ہیں۔
ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ سعودی عرب کا ایک وژن 2030 ہے ، ہمارا بھی 2030 کیلئے وژن ہے ، اس میں بے شمار تبدیلیاں متوقع ہیں، خارجہ پالیسی اور معاشی پالیسی میں تبدیلیاں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سعودی ایک جہاز بھر کر پاکستان لائے ، ہم نے بھی ایک جہاز بھر کر لوگوں کو سعودی عرب بھیجا اور دونوں کو ملا دیا، اس کے نتیجے میں ایم او یوز ہوئے 2.2 بلین ڈالر کے ، پاکستان کا سالانہ آئی ایم ایف پروگرام ایک ارب ڈالر کا ہے ، پاکستان کے صرف دو مرتبہ آنے جانے سے 2.2 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔