مستقبل قریب میں چین کا دورہ کروں گا:صدر زرداری
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز)صدر آصف زرداری نے چینی صدر کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام بھیجنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بہت جلد چین کا دورہ کرنے کا پیغام دیا ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا مستقبل قریب میں مناسب تاریخ پر چین کا دورہ کروں گا۔ واضح رہے چینی صدر نے 3 نومبر کو خط میں صدر مملکت کے زخمی ہونے پر اپنی تشویش اور جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا ۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری کو چین کا دورہ کرنے کی گرمجوشی سے دعوت بھی دی تھی۔ صدر زرداری نے کہا چین کی قیادت اور عوام کی جانب سے صحتیابی کے پیغامات سے متاثر ہوا ہوں۔ مستقبل قریب میں مناسب تاریخ پر چین کا دورہ کروں گا۔ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور آہنی بندھن کو مزید تقویت ملے گی۔ صدر شی جن پنگ نے نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کے عزم پر زور دیا ، جس پر صدر زرداری نے صدر شی کی بصیرت، قیادت اور پاک چین تعلقات آگے بڑھانے میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔