جنرل ساحر کا دورہ قطر، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع سے ملاقات
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، آئی این پی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سرکاری دورہ پر قطر پہنچے ، نائب وزیراعظم اور وزیردفاع اور اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات میں دفاع اور سلامتی کے امور پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمان بن حسن بن علی آل ثانی سے ملاقات کی۔ بیان میں کہا گیا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے چیف آف سٹاف قطر آرمڈ فورسز سے الگ ملاقات کی، اس دوران دونوں جانب سے علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قطری قیادت نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کی تعریف کی۔ قطر آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔