180یوم میں 10ہزار مریضوں کو فری میڈیسن فراہم ،خدمت ہمارا منشور:مریم نواز
لاہور (سٹی رپورٹر،اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق عوام کا حق ان کی دہلیز پر پہنچانے کے لئے تاریخ میں پہلی مرتبہ 180یوم میں 10ہزار مریضوں کو فری میڈیسن فراہم کی گئی۔
وزیر اعلیٰ کے فری میڈیسن ہوم ڈلیوری پراجیکٹ کے تحت ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کے مریضوں کو گھر بیٹھے ادویات کی فراہمی جاری ہے ۔محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق ہیپاٹائٹس کے 5700 سے زائد مریضوں کو فری میڈیسن فراہم کی گئیں جبکہ ٹی بی کے 4200سے زائد مریضوں کوگھر بیٹھے ادویات موصول ہوئیں ۔مئی کے پہلے ہفتے شروع ہونے والا فری میڈیسن پراجیکٹ کامیابی سے جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہا میڈیسن کی ہوم ڈلیوری سے مریضوں کو ہسپتال آنے جانے کی صعوبت سے نجات مل گئی ہے ، ہسپتالوں میں بھی رش میں کمی آرہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاعوام کی خدمت مسلم لیگ(ن)کا منشور ہے ۔وزیر اعلیٰ نے بابا گورو نانک کے جنم دن پر اپنے پیغام میں کہاہے بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن پر دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ، گورو نانک صاحب ہمیشہ انسانیت، محبت اور اخوت کے علمبردار رہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاپنجاب کے نادار اقلیتی بہن بھائیوں کیلئے دسمبر میں مینارٹی کارڈ فنکشنل کیا جائے گا، مینارٹی کارڈ سے ہر سہ ماہی 10,000 روپے دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا اقلیتوں کے تحفظ کو مزید یقینی بنانے کے لئے مینارٹی ورچوئل پولیس سٹیشن قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہر شہری کو تمام سہولتیں اور حقوق ملنے چاہئیں چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔