190ملین پاؤنڈ :عمران اور بشریٰ کی بریت کی درخواستیں مسترد
اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے نامہ نگارسے ، خبر نگار )اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں مسترد کرکے واپس ٹرائل کورٹ کو بھجوانے کا فیصلہ جاری کردیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ سے جاری 9 صفحات کے فیصلہ میں عدالت کاکہناہے کہ بریت کی درخواستیں مسترد کرنے کے دو احکامات کالعدم قرارد یئے جاتے ہیں،ٹرائل کورٹ بریت کی دونوں درخواستوں پر دربارہ فیصلہ کرے ،نیب پراسیکیوٹر نے کہا ٹرائل آخری سٹیج پر پہنچ چکا ہے ،نیب نے موقف دیا کہ عدالتی نظیروں کے مطابق بریت کی درخواست اس سٹیج پر قابل سماعت نہیں،وکیل درخواست گزار کے مطابق درخواست گزار کے خلاف کوئی ثبوت نہیں اور آرڈیننس میں کچھ ترامیم برقرار جبکہ کچھ ختم کر دی گئی ہیں،بشریٰ نے بھی بریت کی درخواست دی کہ وہ عوامی عہدے دار نہیں ہیں ، ان پر الزام نہیں بنتا،ٹرائل کورٹ نے بانی کی درخواست مسترد کی جبکہ بشریٰ عمران کی درخواست کو حتمی فیصلے تک زیر غور رکھنے کا حکم دیا،احتساب عدالت دوران کارروائی جب مناسب سمجھے ان درخواستوں پر فیصلہ کرے ۔اڈیالہ جیل میں 190 ملین پائونڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران بشریٰ کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی ۔190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی ۔ بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔بشریٰ پیش نہ ہوئیں،طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔ ریفرنس پر سماعت 18 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ۔