عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق سینیٹر الیاس احمد بلور انتقال کر گئے
پشاور: (دنیانیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق سینیٹر الیاس احمد بلور انتقال کرگئے۔
سابق سینیٹر الیاس احمد بلور اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، ان کی نماز جنازہ کل دوپہر 2 بجے وزیر باغ پشاور میں ادا کی جائے گی۔
مرحوم الیاس بلور اے این پی رہنما غلام احمد بلور اور شہید بشیر احمد بلور کے بھائی تھے۔
سابق سینیٹر الیاس احمد بلور نے عملی سیاست کا آغاز نیشنل پارٹی کی رکنیت سے کیا تھا، وہ قومی اسمبلی کے رکن اور سینیٹر بھی رہ چکے ہیں جبکہ سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر اور مختلف چیمبرز کے اعلی منتخب عہدوں پر بھی رہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کا الیاس بلور کے انتقال پر اظہار افسوس
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق سینیٹر الیاس احمد بلور کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
وزیراعظم نے مرحوم کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ الیاس احمد بلور کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ناقابل فراموش خدمات ہیں، الیاس احمد بلور نے بطور سینیٹر عوام کی بہترین نمائندگی کی، مرحوم کی سیاسی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ الیاس بلور کے وصال سے سیاسی منظر نامے میں پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنا بہت مشکل ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق سینیٹر اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما الیاس احمد بلور کے اِنتقال پر تعزیت کااظہارکیاہے، صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اِظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت، ورثا کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔