کراچی : نجی کلینک میں 3 سالہ بچی کی ہلاکت کا مقدمہ درج
کراچی : (دنیا نیوز ) کراچی کے علاقے اختر کالونی میں نجی کلینک میں 3 سالہ بچی کی ہلاکت کے واقعے کا مقدمہ محمود آباد تھانے میں درج کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ مقدمہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ بیٹی کو بخار تھا، اس وجہ سے کلینک لے کر گیا تھا، ڈاکٹر نے بیٹی کو غلط انجیکشن لگایا تھا۔
بچی کے والد نے بتایا کہ کچھ گھنٹے بعد انجیکشن لگنے کی جگہ سوج گئی اور خون جمنے لگا، بیٹی کو جناح ہسپتال لے کر گیا جہاں وہ دم توڑ گئی، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نجی کلینک کے ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے اختر کالونی کے نجی کلینک میں 11 نومبر کو مبینہ طور پر غلط انجیکشن لگنے سے بچی جاں بحق ہو گئی تھی۔