24نومبر کا احتجاج پی ٹی آئی کیلئے امتحان بن گیا:تھنک ٹینک

24نومبر کا احتجاج پی ٹی آئی کیلئے امتحان بن گیا:تھنک ٹینک

لاہور (دنیا نیوز )تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا 24 نومبر کو احتجاج کے حوالے سے جودعوے ،باتیں ہورہی ہیں اس کا بخار میڈیا نے چڑھایا ہوا ہے۔

گراؤنڈ پر پی ٹی آئی کی کوئی سرگرمی نظر نہیں آرہی،دنیا نیوز کے پروگرام ’’تھنک ٹینک ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا پنجاب میں پی ٹی آئی کی کوئی تیاری ہمیں نظر نہیں آرہی،سندھ، بلوچستان کے کارکن اسلام آباد تو نہیں پہنچ سکیں گے ،ممکن ہے کارکن اپنے اپنے صوبے میں احتجاج کریں۔ دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی جو کال دی ہے اس کے اثرات حکومت پر نظر نہیں آرہے ،24 نومبر کا احتجاج پارٹی کیلئے خود چیلنج اور امتحان بن گیا ہے ،سیاسی محاذ پر علیمہ خان کرداراداکرسکتی ہیں،علیمہ خان کے پیچھے کارکن بھی نکلیں گے ۔تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس نے کہا پی ٹی آئی کے پاس دو آپشن ہیں،ایک تو یہ ہے کہ پی ٹی آئی خاموشی سے بیٹھ جائے ،اگلے الیکشن کا انتظار کرے ، ا گرقیادت ایسا کرتی ہے تو جماعت کا نام ونشان بھی نہیں رہے گا،دوسرا پی ٹی آئی کیلئے آپشن ہے احتجاج !، یہ حقیقت ہے کہ پی ٹی آئی انقلاب تو نہیں لاسکتی، نہ ہی پاکستان میں کوئی عوامی انقلاب آسکتاہے ،یقینی طور پر ہم نہیں کہہ سکتے کہ کل کیا ہوگا؟ تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا اس وقت بشریٰ بی بی پیغام رساں ہے ،کیونکہ کچھ رہنماؤں کو عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا،یہ ساری باتیں غلط ہیں جو کہا جارہا ہے وہ قیادت کرنے جارہی ہے ،ہوسکتا ہے بشریٰ بی بی دوبارہ گرفتار ہوجائے ،احتجاج، مارچ اور دھرنوں سے حکومت گر نہیں سکتی ، ماضی میں کئی بڑے احتجاج، مارچ اور دھرنے ہوئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں