کابینہ کمیٹی نجکاری ، پی آئی اے کیلئے 10ارب کی بولی مسترد

 کابینہ کمیٹی نجکاری ، پی آئی اے کیلئے 10ارب کی بولی مسترد

اسلام آباد(اے پی پی)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا۔

جس میں کمیٹی کے دیگر اراکین بشمول نجکاری، صنعت و خوراک، تجارت، بجلی، وزارت خزانہ اور محصولات کے وزرا اور مختلف ڈویژنوں کے وفاقی سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی نے پی سی بورڈ کی تجویز پر غور کیا جس کے تحت اس نے بلیو ورلڈ کی جانب سے پی آئی اے (60 فیصد حصص) کی تقسیم کے لیے پیش کی گئی 10 ارب روپے کی بولی کو مسترد کرنے کی سفارش کی۔ کابینہ کمیٹی نے پی سی بورڈ کی سفارش کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا اور بولی کو مسترد کردیا ۔  کمیٹی نے حکومت کے پی آئی اے کو نجکاری یاجی ٹو جی موڈ کے ذریعے الگ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔کمیٹی نے وزیر مملکت خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے لیے ممکنہ لین دین کے اختیارات اور دستیاب قانونی دفعات کی روشنی میں اختیار کئے جانے والے طریقوں کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس سے قبل تمام مسائل کے حل اور سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی فروخت کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں