اسلام آباد،جہلم ویلی میں بارش، پہاڑوں پربرفباری
لاہور،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)وفاقی دارالحکومت میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری جبکہ آزاد کشمیر کی جہلم ویلی کے زیریں علاقوں میں بارش اور پہاڑوں نے برفباری پرسفید چادر اوڑ ھ لی۔
محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔اسلام آباد میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری ،جی ٹین سیکٹر میں ژالہ باری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔جہلم ویلی میں بارش اور برفباری کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ،ہٹیاں بالا،چناری،وادی لیپہ، چکار،چھم،نڑدجیاں،چکوٹھی،کھلانہ سے ملحقہ بلند و بالا پہاڑوں پر چھ انچ سے زائد برفباری ہوئی ،وادی لیپہ میں پبلک ٹرانسپورٹ بسیں اور ویگنیں برفباری پر بند ہو گئیں صرف 4 ویل گاڑیاں چل رہی ہیں،انتظامیہ اور محکمہ شاہرات نے لیپہ،موجی،شیر گلی و دیگر پہاڑی علاقوں میں برفانی سڑکوں پر 4 ویلر گاڑیاں اور چین کا استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، بھکر، لیہ، ڈی آئی خان ،چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور ، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، مہمند، چارسدہ، صوابی، نوشہرہ، پشاور، خیبر، کوہاٹ،کرم ، کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، لورالائی، بارکھان اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر مزید برفباری ہوسکتی ہے ۔پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ /دھندچھائے رہنے کا امکان ہے ۔گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباداور پنجاب میں چند مقامات بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش دیر (بالائی 25، لوئر 6)، مالم جبہ 23، کالام 17، پٹن 12، سیدو شریف 11، بالاکوٹ 10، کاکول 9، پشاور، چراٹ 6، تخت بائی 4، میرکھانی، دروش، چترال 1، کشمیر گڑھی دوپٹہ 10، مظفر آباد 5، راولاکوٹ 3، گلگت بلتستان استور 7، گوپس 4، بگروٹ 2، بونجی 1، اٹک 4، اسلام آباد، مری، جھنگ 2اور کروڑلعل عیسن لیہ میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی ۔