ہائیکورٹ میں بھی ججز کی تعداد بڑھائی جائے :پنجاب بار

 ہائیکورٹ میں بھی ججز کی تعداد بڑھائی جائے :پنجاب بار

لاہور (آن لائن)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری بابر وحید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرح لاہور ہائیکورٹ میں بھی ججز کی تعداد فوری بڑھائی جائے تاکہ سالہا سال سے زیر التوا کیسز کے فیصلے جلد ہوں۔

پنجاب بار نے انصاف فراہمی یقینی بنانے کیلئے مختلف کمیٹیوں سمیت مس کنڈکٹ ٹربیونلز کو پورے صوبے میں فعال کرادیا جس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا اہم کردارہے ۔وہ پنجاب بار کونسل ممبران سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع   پر ایگزیکٹو کمیٹی چیئرمین راؤفضل الرحمن،سیکرٹری رفاقت سوہل،سابق وائس چیئرمینزکامران بشیر مغل،فرحان شہزادرانا عمیر،عدیل ہاشمی ودیگر وکلا موجود تھے ۔ بابر وحید نے کہا مس کنڈکٹ ٹربیونلز نے جعلی وکلا کے سینکڑوں لائسنس معطل کیے جو خوش آئند ہے اور مزید فیصلے کیے جا رہے ہیں ۔ انتخابات ،چیمبرز اورووٹوں کی ٹرانسفر بارے بار ایسوسی ایشنزکی ایگزیکٹو و ڈسپلنری کمیٹی ماہانہ چار اور باقی کمیٹیاں ایک ایک میٹنگ کر کے مسائل حل کریں گی ۔ وکلا نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالا دستی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے جدوجہد کی اس پر آئندہ بھی کاربند رہیں گے ،سائلین کو سستے اورفوری انصاف فراہمی کیلئے حکومت اور عدلیہ کو تجاویز دیتے رہیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں