پاکستان میں یوٹیوب کی سروس متاثر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز یوٹیوب کی سروس میں سست روی دیکھنے میں آئی ہے ۔ بالخصوص ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرنے والے یوٹیوبرز کو اپنے وی لاگز کی اپلوڈنگ اور لوڈنگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )کی ترجمان ملاحت عبید کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے کو ملک میں یوٹیوب کی سروس متاثر ہونے کے حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔اُنہوں نے بتایا کہ اگر کسی علاقے میں یوٹیوب کی سروس میں خلل ہے تو پی ٹی اے شکایات موصول ہونے پر یا اپنی طرف سے اس معاملے کا نوٹس لے گی اور پھر مسائل دور کرنے کی کوشش کرے گی۔پاکستان میں یوٹیوب کی سروسز کی سست روی کے حوالے سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے سبب فائر وال کے ذریعے یوٹیوب کی سروسز کو سست کیا گیا ہے ۔اُنہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک میں یوٹیوب کو مکمل بند یا سلو ڈاؤن نہیں کیا گیا، تاہم پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر کو احتجاجی مظاہرے کی کال کے سبب یوٹیوب پر ایسے وی لاگز کی اپلوڈنگ سست کی گئی ہے جو لوگوں کو پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق معلومات فراہم کر رہے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں ملک کی سیاسی صورتحال دیکھتے ہوئے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش یا بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔