آئیڈیاز 2024: جدید لڑاکا ڈرون شاہپر تھری متعارف

آئیڈیاز 2024: جدید لڑاکا ڈرون شاہپر تھری متعارف

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں)عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 میں پاکستان کا مقامی تیار کردہ جدید لڑاکا ڈرون شاہپرتھری متعارف کرایا جارہا ہے ۔

جدید لڑاکا  ڈرون شاہپرتھری اہم حربی خصوصیات اور ہتھیاروں سے لیس ہے ، درمیانی پرواز کے ساتھ جدید ہتھیاروں اور نظام سے لیس یہ ڈرون 30گھنٹے تک طویل فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔شاہپرڈرون 1650 کلوگرام وزنی ہتھیار لے جاسکتا ہے جب کہ اس میں مقامی طور پر تیار کردہ خصوصی ایویونکس اور جدید فلائٹ کنٹرول سسٹم نصب ہے ۔گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسد کمال نے ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے اور اس کے پیچھے ہماری 30 سالہ محنت ہے ۔واضح رہے کہ ملک کا دفاعی مصنوعات کا ادارہ گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشن اس سے قبل شاہپر ون اور ٹو بھی متعارف کراچکا ہے ۔گزشتہ روز کراچی میں 4 روزہ عالمی دفاعی نمائش انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز 2024)کا آغاز ہوگیا ،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ذمہ دار ملک، دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اپنا منفرد کردار ادا کر رہا ہے ، علاقائی امن، سماجی واقتصادی ترقی کے لئے رابطوں کا فروغ ضروری ہے ، پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے ، پاکستان میں معیشت مثبت اعشاریوں کی جانب گامزن ، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، آئیڈیاز نمائش دفاعی پیداوار کے فروغ میں معاو ن ثابت ہوگی۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے ہمراہ آئیڈیاز 2024 ء نمائش کا باضابطہ افتتاح کیا۔خواجہ آصف نے خطاب میں مزید کہا کہ دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے ، پاکستان کی دفاعی صنعت اب معیار اور اعتبار کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے ، دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے ، نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور ہوگا۔ آئیڈیاز کا سلوگن آرمز فارپیس ہے ۔وزیر دفاع نے گورنرسندھ کے ہمراہ نمائش کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ حکام نے انہیں بریفنگ بھی دی۔ عالمی دفاعی نمائش میں 350 غیر ملکی وفود شرکت کر رہے ہیں، ایکسپو سینٹر میں 9 ہال قائم، 224 مقامی اور 333 بین الاقوامی کمپنیوں کے سٹالز لگائے گئے ہیں۔نمائش میں مقامی طور پر تیار ہونے والی دفاعی مصنوعات پیش کی جا رہی ہیں ۔ دفاعی پیداوار میں اسلحہ، ٹینک، جنگی طیارے ، ہیلی کاپٹر، بحری جہاز، آبدوزیں، ڈرون، میزائل، سائبر ڈیفنس، سیٹلائٹ اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز شامل ہیں۔نمائش میں ایشیا، مشرق وسطیٰ اور جنوب مغربی ایشیا کے اہم ممالک شریک ہیں، بالخصوص سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، ترکی، ایران، یمن، چین، بھارت، جاپان، ملائیشیا، سنگاپور اور دیگر ممالک شامل ہیں۔دفاعی نمائش میں پاکستانی ساختہ ٹینک حیدر متعارف کرایا گیا ہے جبکہ پاکستانی ساختہ شہپر3 ڈرون بھی نمائش میں رکھا گیا ہے ۔شہریوں کے لیے تینوں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تربیت کا کراچی شو 21 نومبر کو پیش کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں