حکومت کو لگتاہے کہ پردے کے پیچھے کچھ ہورہا ہے

 حکومت کو لگتاہے کہ پردے کے پیچھے کچھ ہورہا ہے

(تجزیہ:سلمان غنی) پی ٹی آئی کی جانب سے 24نومبر کو اسلام آباد مارچ کے حوالے سے پیداشدہ نفسیاتی کیفیت میں لیڈر شپ کی جانب سے مذاکرات کیلئے وزیر اعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر کی نامزدگی سے امید پیدا ہوئی ہے کہ ٹکراؤ اور تناؤ کی کیفیت میں بھی ڈائیلاگ ممکن ہیں۔

 تاہم اسٹیبلشمنٹ پہلے واضح کرچکی ہے کہ ملکی سیاست سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ، کسی کو مذاکرات کرنا ہیں تو حکومت سے کرے لیکن ملک میں پیدا شدہ صورتحال خصوصاً دہشتگردی کے سدباب کیلئے ہم آہنگی کی ضرورت ہے ،ڈائیلاگ کو آگے بڑھاناضروری ہے ،بات چیت سے کوئی معاملہ طے ہوتا ہے تو اس پرعملدرآمد کی یقین دہانی ہوگی ،بانی پی ٹی آئی نے یہ بھی واضح کردیا کہ مذاکراتی عمل جمعرات تک نتیجہ خیز ہونا چاہیے تاکہ اس پر احتجاجی مارچ کا فیصلہ کرسکیں بلا شبہ پی ٹی آئی نے 24نومبر کے احتجاج کی تیاریاں شروع کررکھی ہیں لیکن پنجاب کا سیاسی محاذ تو فی الحال ٹھنڈا ہے ، خود پی ٹی آئی کے ذمہ دار حلقوں میں یہ چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ شاید احتجاج کی نوبت نہ آئے ،اس رجحان سے تو اسکو تقویت مل رہی ہے کہ کہیں نہ کہیں ڈائیلاگ کا عمل چل رہا ہے لیکن اسکی نتیجہ خیزی بڑا سوال ہے ۔

ذمہ دار ذرائع تو اس امر کو مسترد نہیں کررہے کہ پس پردہ ڈائیلاگ پر بریک تھرو ہوسکتا ہے لیکن حکومتی ذمہ داران مذکورہ عمل سے ایک تو لاعلمی ظاہر کررہے ہیں،دوسرا ان کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی یا انکے مطالبات پر لچک معاشی بحالی اور ترقی کو متاثر کرسکتا ہے ،البتہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بلاواسطہ طور پر مذاکرات کا اشارہ کیا اور وہ یہ کہتے نظر آئے کہ بیٹھ کر معاملات پر سوچنا ہوگا ،ماہرین کے خیال میں پی ٹی آئی کے حکومت سے مذاکرات دراصل پل صراط ہے لیکن ایک بات طے ہے کہ پی ٹی آئی سے مذاکراتی عمل کھلا ہو یا پس پردہ اس میں بڑا کردار حکومت کا ہی ہوگا اور حکومت بھی یہ سمجھ رہی ہے کہ کچھ نہ کچھ ہورہا ہے جسکی پردہ داری ہے لیکن بڑا سوال یہی ہوگا کہ کیا پاکستانی اسٹیبلشمنٹ 9مئی واقعات بھلانے پر تیار ہے ،سیاسی حالات پر گہری نظر رکھنے والے یہ کہتے نظر آرہے ہیں کہ24نومبر کے احتجاج پر بڑا بریک تھرو ہوسکتا ہے اور حکومت بھی اس پر کوئی فیصلہ احتجاج کا ماحول دیکھ کر ہی کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں