سزائے موت کے دو قیدی 8سال بعد عدم ثبوت پر بری
لاہور (کورٹ رپورٹر)کیبل چلانے کے تنازع پر 3افراد قتل اور 4 زخمی ہونے پرلاہور ہائیکورٹ نے سزائے موت کے دو قیدیوں کو8 سال بعد عدم ثبوت پر بری کردیا ۔
جسٹس شہرام سرور اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے بریت اپیلیں منظور کیں ۔ڈجکوٹ فیصل آباد پولیس نے 4 فروری2016میں امجد ، زاہدہ نذیر اور جماعت علی کے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔وکیل نے بتایاسیشن کورٹ نے کچھ ملزموں کو سزائیں سناکر متعدد کو بری کردیاتھا جبکہ گواہوں کے عدالتوں کو دئیے گئے بیانات میں تضاد ہے ، عدالت ٹرائل کورٹ کا عثمان اور موثر علی کو سزائے موت کا فیصلہ کالعدم قرار دے ۔عدالت کیس میں دس، دس سال قید پانے والے قمر شہزاد اور فائز کوبھی بری کرنے کا حکم دے ۔سرکاری وکیل نے بریت اپیلوں کی مخالفت کی تاہم وہ دلائل میں عدالت کو مطمئن نہ کرسکے ، عدالت نے سزائے موت کے دونوں قیدیوں اور قید کی سزاپانیوالوں کو بری کردیا ۔