فورسز کی کارروائیاں،6دہشتگرد ہلاک ،3زخمی ،2فرار
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبرپختونخوا اورراولپنڈی میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کردیا،2فرارہوگئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 21 اور 22 نومبر کو سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز سے نشانہ بنایاگیا۔ ضلع خیبر کے علاقے باڑا میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد حق یار آفریدی عرف خیبراور گلہ جان ہلاک ہوئے ،فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا ہے ۔آئی ایس پی آ ر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ۔ فورسز کو جنوبی وزیرستان میں پاکستان-افغانستان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا پتا چلا جو سرحد پار سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش کو ناکام بنایا جس میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ۔راولپنڈی میں چکری کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 3 خطرناک نامعلوم دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دو دہشت گرد فرار ہوگئے ۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی جس پر دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے جبکہ 2 فرار ہو گئے ۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوز وائر، رائفلیں، آئی ای ڈی بم، گولیاں اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا،فراردہشت گردو ں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ دہشت گرد راولپنڈی پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان نے بارہا افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی جانب موثر سرحدی انتظامات کو یقینی بنائے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکا جائے ۔ افغان حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور دہشت گردوں کو کسی بھی قسم کی معاونت فراہم نہ کرے ، پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی سرحدوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف،صدر آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان کا امن و امان خراب کرنے اور دراندازی کی کوششیں ناکام بنائیں گے ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے ،خوارجی دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے ،قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے ۔